کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں جاری ٹریفک قوانین کے نفاذ کی مہم کے دوران 10 جون 2025 سے اب تک 11,792 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کی جا چکی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں مختلف سنگین خلاف ورزیوں پر کی گئیں۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس: بلاول بھٹو کی بجٹ حمایت کی ہدایت، پیپلزپارٹی کی تجاویز پر اہم ترامیم منظور
ضبط کی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں درج ذیل خلاف ورزیوں میں شامل ہیں:
نمبر پلیٹس کا نہ ہونا یا غیر معیاری اور فینسی نمبر پلیٹس کا استعمال
گاڑی کی رجسٹریشن نہ ہونا
ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کا نہ ہونا
موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ استعمال نہ کرنا
ترجمان کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑی کی رجسٹریشن محکمہ ایکسائز سے بروقت مکمل کروائیں، سرکاری معیار اور سائز کی نمبر پلیٹس استعمال کریں اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو یقینی بنائیں۔ موٹر سائیکل پر سوار تمام افراد کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سخت کارروائیاں جلد متعارف ہونے والے خودکار ای-ٹکٹنگ سسٹم اور نظرثانی شدہ جرمانوں کا پیش خیمہ ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ جرمانوں اور حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا: "آپ کے سفر میں ہمسفر کراچی ٹریفک پولیس ہے، اور ہمارا مقصد سڑکوں پر آپ کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔”
