کراچی (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی خصوصی ہدایت پر انسانی حقوق، انسداد انسانی اسمگلنگ اور چائلڈ پروٹیکشن کے موضوع پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عاصم عباسی نے کی، جس میں ایف آئی اے کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ عمارہ قریشی، میونسپل کمشنر عبدالحمید، ایس پی محمود، اسپارک تنظیم کی شمائلہ اور راحیلہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں انسانی حقوق، نادرا، سوشل ویلفیئر، سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کو ہدایت دی کہ وہ تمام شیلٹر ہومز اور یتیم خانوں کا تفصیلی دورہ کر کے غیر رجسٹرڈ بچوں کا مکمل ڈیٹا تیار کرے۔
انہوں نے شہر کی مارکیٹوں اور ورکشاپس میں بچوں سے مشقت کرانے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں فوری اور مربوط مہمات شروع کی جائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سوشل ویلفیئر اور چائلڈ لیبر پروٹیکشن کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں شیلٹر ہومز میں موجود بچوں کے ساتھ ممکنہ بدسلوکی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فوکل پرسن برائے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی توقیر احمد نے اجلاس کے نکات مرتب کیے اور متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔
