کراچی (رپورٹ: اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے پیش نظر شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی و مؤثر انتظامات کی ہدایات جاری کر دیں۔
ایران پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم پہلی بار پناہ گاہ سے باہر، بتیام کے متاثرہ علاقے کا دورہ
اس سلسلے میں سی ای او کے اسٹاف آفیسر الٰہی بخش بھٹو کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تمام افسران کو ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندگان اور مذہبی رہنماؤں بشمول جعفریہ الائنس سے قریبی رابطہ رکھنے اور مکمل تعاون یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
سی ای او نے واضح کیا کہ امام بارگاہوں، مساجد، مجالس، سبیلوں اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کی بلا تعطل فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو اولین ترجیح دی جائے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور مجالس و جلوس کے دوران تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔
ایگزیکٹو انجینئرز (واٹر) کو ہدایت دی گئی ہے کہ پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں، جبکہ ایگزیکٹو انجینئرز (سیوریج) کو سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی درستگی اور جلوس گزرگاہوں کی حالت بہتر بنانے کی خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں۔
اسی طرح ورکشاپ ڈویژن کو جیٹنگ و سکشن مشینوں کی مکمل تیاری، ڈرائیورز کی دستیابی اور محرم کی تعطیلات میں ڈیوٹی روسٹرز مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ہائیڈرنٹس سیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ یکم محرم سے یوم عاشورہ تک تمام سبیلوں، امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس کی نگرانی فوکل پرسنز کے ذریعے کی جائے گی۔
محرم کے دوران انتظامی امور کی نگرانی کے لیے محمد علی شیخ (چیف انجینئر واٹر)، منیر احمد بھٹی (چیف انجینئر سیوریج)، شفقت حسین مگھن (ایگزیکٹو انجینئر ورکشاپ) اور شہباز بشیر (فوکل پرسن ہائیڈرنٹس) کو فوکل پرسن نامزد کر دیا گیا ہے۔
سی ای او احمد علی صدیقی نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اور محرم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
