ایران نے گزشتہ رات اسرائیل پر شدید میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں تباہی پھیل گئی۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا نیوز‘ کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے "وعدہ صادق 3” کے عنوان سے یہ کارروائی انجام دی، جس میں حیفہ، بیت یام، تامرا سمیت کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فضائی حملہ: صنعا میں حوثی رہنماؤں کا خفیہ اجلاس نشانہ، متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات
ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیے گئے اور ان کا مقصد اسرائیلی فوجی انفرااسٹرکچر اور توانائی کے مراکز کو تباہ کرنا تھا۔ سپاہ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حیفہ میں آئل ریفائنری پر حملے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جبکہ اسرائیل کے 10 جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے۔
اسرائیلی میڈیا، بشمول چینل 12، چینل 13 اور ’ٹائمز آف اسرائیل‘، نے تصدیق کی ہے کہ سب سے زیادہ تباہی حیفہ اور اس کے گرد و نواح میں ہوئی۔ بیت یام میں ایک رہائشی عمارت پر میزائل گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 7 لاپتہ ہوگئے، جبکہ تامرا میں ایک عمارت پر حملے میں 4 شہری جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، شمالی اسرائیل کے آسمان پر ایرانی کروز میزائل دیکھے گئے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو ایران کے جوابی حملے مزید شدید ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے دفاعی نظام نے اسرائیل کے داغے گئے تین کروز میزائل، دس بڑے ڈرونز اور درجنوں چھوٹے ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی ہے، اور رات بھر سائرن بجتے رہے۔ فضا میں مسلسل دھماکوں اور میزائل حملوں کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے ایٹمی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ کئی آئل اسٹوریج مراکز کو تباہ کر دیا گیا۔ ویڈیوز میں اسرائیل کے مختلف علاقوں میں شدید آگ اور دھماکوں کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
قبل ازیں اسرائیل نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایران کے مختلف شہروں، جن میں ہرمزگان، اصفہان، تبریز، بندر عباس، تہران اور کرمانشاہ شامل ہیں، پر فضائی حملے کیے تھے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
جوابی کارروائی میں ایران نے حیفہ پورٹ، ایسکلون اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں پر 100 سے زائد ہائپرسونک بیلسٹک میزائل داغے، جس سے اسرائیل میں افراتفری پھیل گئی اور متعدد شہر جل کر راکھ ہو گئے۔
یہ حملے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نتیجہ ہیں، جس پر عالمی رہنماؤں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رابطے تیز کر دیے ہیں۔
