چند روز کے وقفے کے بعد کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
کراچی میں رینجرز کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 50 لاکھ مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد
زلزلے کے جھٹکے صبح 3 بج کر 54 منٹ پر محسوس کیے گئے جن کی شدت 3.5 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 5.6 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز کراچی کے علاقے ملیر کے شمال مغرب میں واقع تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی مدت مختصر تھی اور اس کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ یکم جون سے کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کی مجموعی تعداد 30 سے زائد ہو چکی ہے۔ تازہ ترین جھٹکے قائدآباد، گڈاپ، ملیر، ڈی ایچ اے اور کورنگی سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی بار بار آمد سے شہریوں میں تشویش اور اضطراب بڑھ رہا ہے جبکہ ماہرین اس سلسلے میں مزید تحقیق اور احتیاطی اقدامات کی تجویز دے رہے ہیں۔
