پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے کراچی میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں علاقے پٹیل پاڑہ سے منشیات فروش مخدوم احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے آئس، ہیروئن اور نقد رقم برآمد کی گئی۔
کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف آپریشن، کمشنر کی ہدایت پر بڑی کارروائیاں
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بدنام زمانہ منشیات فروشوں راشد عرف چنگو، جاوید عرف ڈمبو، عمران عرف مانو اور حسیب عرف کانا کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی، تاہم مذکورہ ملزمان رینجرز کے پہنچنے سے پہلے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم مخدوم احمد ماضی میں بھی متعدد جرائم میں گرفتار ہو چکا ہے۔ 2023 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 17 دن جیل میں رہا اور بعد ازاں ضمانت پر رہا ہو گیا۔ 2025 میں دوبارہ اسی جرم میں تھانہ پاپوش نگر میں گرفتار ہوا، جس کا کیس اب بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ علاوہ ازیں، مئی 2025 میں چھینی گئی موٹر سائیکل کے ساتھ بھی گرفتار ہوا تھا اور 5 دن بعد ضمانتی مچلکوں پر رہا کر دیا گیا تھا۔
تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 4 سال سے آئس، کرسٹل اور حشیش جیسے نشوں کا عادی ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
