کراچی: لیاقت آباد ٹاؤن کی انتظامیہ نے کمشنر کراچی کی جانب سے 9 مئی کو نافذ کی گئی دفعہ 144 کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کے بجائے صرف جرمانے عائد کیے، جس پر عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹاؤن ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 20 مئی کو غیر قانونی جرمانے کے چالان جاری کیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کے قیام کو نہ صرف نظر انداز کیا گیا بلکہ انہیں عملاً جائز حیثیت دینے کی کوشش کی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کے باعث ٹریفک جام، صفائی کی بدحالی، بدبو اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کو خاص طور پر کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے جو جانوروں کی قربت اور صفائی نہ ہونے کی صورت میں پھیل سکتا ہے۔
عوام نے ضلعی انتظامیہ اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کو ختم کر کے علاقے کے حالات کو بہتر بنایا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

