خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت نواز دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ ان کارروائیوں میں لیفٹیننٹ دانیال سمیت پاک فوج کے 4 سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔
اسرائیلی دہشتگردی سے زیادہ دردناک مسلم اُمّہ کی خاموشی ہے، آفاق احمد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔ جوابی فائرنگ میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ چترال میں ایک علیحدہ جھڑپ کے دوران ایک اور خارجی دہشتگرد ہلاک ہوا۔
شوال آپریشن کے دوران پاک فوج کے لیفٹیننٹ دانیال، نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع لورالائی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں بھارت سے منسلک فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد مارے گئے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد این-70 پر 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو ہونے والی دہشتگردی میں ملوث تھے جس میں 30 بے گناہ شہری شہید ہوئے تھے۔ ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک دہشتگرد کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم کے تعاون سے بھارت سپانسرڈ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور دہشتگردوں و سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ دانیال اور دیگر شہداء نے دشمن کے سامنے ڈٹ کر لڑتے ہوئے اپنے حلف کی لاج رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
