سندھ ہائی کورٹ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے کے الیکٹرک کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Thursday, 29th May 2025
یہ کارروائی ایک شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر عمل میں آئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعلقہ علاقے میں نہ تو کوئی لائن لاسز ہیں اور نہ ہی صارفین ڈیفالٹرز ہیں، اس کے باوجود شدید اور مسلسل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق علاقے کے تمام صارفین بروقت بل ادا کرتے ہیں، مگر روزانہ کئی گھنٹے بجلی کی عدم دستیابی سے عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔
کے الیکٹرک کے نمائندے نے عدالت کو یقین دلایا کہ مسئلہ چند دنوں میں حل کر دیا جائے گا، تاہم عدالت نے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ جسٹس آغا فیصل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ "جو کچھ کرنا ہے کریں، مگر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے”۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر تفصیلی وضاحت کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔
