متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں افطار و عشائیہ کا شاندار اہتمام کیا گیا، جس میں کاروباری شخصیات کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جو نہ صرف معاشی بلکہ ثقافتی اور تجارتی میدانوں میں بھی انتہائی مضبوط ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر اس بات کا اظہار کیا کہ یو اے ای پاکستان میں آنے والے برسوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ یو اے ای کی ترقی میں کلیدی شراکت دار رہا ہے۔
قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز نے یو اے ای میں شعبہ صحت میں اپنی خدمات کے ذریعے اہم مقام حاصل کیا ہے، جبکہ کھیلوں اور ثقافت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان وسیع تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں بھی پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بہتر اشتراک کی ضرورت ہے، اور یو اے ای حکومت پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
قونصل جنرل نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا بین الاقوامی کھجور فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی عملی مثال ہے، جو مستقبل میں مزید مشترکہ اقدامات کی بنیاد بنے گا۔
افطار و عشائیہ کے دوران شرکاء کی تواضع پاکستانی اور عربی روایتی کھانوں اور مشروبات سے کی گئی، جو دونوں ثقافتوں کے حسین امتزاج کا نمونہ تھے۔
یہ افطار عشائیہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش تھی، جس میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا گیا۔
