وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے وفد نے شرکت کی۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفد کی قیادت کی، جبکہ اجلاس میں آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور جرمنی کے KFW بینک کے نمائندے بھی شامل تھے۔
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا کیس: سپریم کورٹ میں سماعت جاری
مزید برآں، جرمن سفارت خانے، ایف سی او ڈی، یو این ڈی پی اور اے آئی بی کے نمائندے بھی اجلاس کا حصہ تھے۔ وزیر توانائی نے شرکاء کو پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے اور صنعت سمیت تمام صارفین کے لیے زیادہ مسابقتی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں (IPPs) کے پاس فرانزک آڈٹ کا آپشن موجود ہے، اور حکومت اصلاحاتی عمل میں بین الاقوامی شراکت داروں کی شمولیت یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نے مزید بجلی نہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور گورننس بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے حکومتی اصلاحات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
