کراچی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے رواں ماہ اب تک 28 کروڑ روپے کی ادائیگیاں مکمل کر لی ہیں۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ادارے کی تاریخ میں کسی ایک ماہ میں یہ سب سے زیادہ کی جانے والی ادائیگیاں ہیں۔
سیبکو، حیسکو اور کے الیکٹرک عوام پر بوجھ بن چکے، بجلی چوری اور مہنگے بلوں کے خلاف 48 گھنٹوں میں اقدامات کیے جائیں: میئر سکھر
ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر فنانس، سید افتخار علی شاہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر ملازمین کو "فرسٹ ان، فرسٹ آؤٹ” پالیسی کے تحت ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ ان ادائیگیوں میں پنشن، گریجویٹی، سی پی فنڈ، ایل پی آر، ہاؤس بلڈنگ، میرج لون، متوفی ملازمین کے ورثاء کے لیے مالی امداد، میڈیکل پرمیشن کیسز، سپلیمنٹری بلز، اور ہسپتال/انسٹیٹیوٹ اخراجات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میئر کراچی نے واضح ہدایت دی ہے کہ بیوہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے، جس پر مکمل عملدرآمد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے جائز مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ واجبات کی جلد از جلد ادائیگی ممکن ہو سکے۔
دوسری جانب، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے ڈی ایم ڈی فنانس سید افتخار علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔