کراچی قائد آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث چھوٹو گینگ کے ایک کارندے کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او قائد آباد فراست شاہ کے مطابق ملزم ریحان ولد خان محمد کو ٹیکنیکل بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا، جس نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔
میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے ریٹائرڈ ملازمین کو 28 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر چھینا جھپٹی اور راہزنی کی کئی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ مغرب کے بعد لانڈھی مہران ہائی وے، جنرل ٹائر روڈ، لیبر اسکوائر اور لانڈھی 8 ہزار روڈ پر لوٹ مار کی وارداتیں کرتا تھا۔
مزید انکشاف کرتے ہوئے ملزم نے بتایا کہ گینگ خاص طور پر ہر ماہ کی یکم سے 15 تاریخ تک زیادہ سرگرم ہوتا تھا۔ پولیس کے مطابق چھوٹو گینگ کا ہدف فیکٹریوں اور ملز میں کام کرنے والے مزدور ہوتے تھے، جو اپنی تنخواہ نکال کر اے ٹی ایم سے باہر آتے ہی واردات کا شکار ہو جاتے۔ ڈاکو انہیں اسلحے کے زور پر نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کر دیتے تھے۔
پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔