میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کو دور کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر سندھ حکومت نے بھرپور اقدامات شروع کیے ہیں۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف احتجاج، شہریوں نے ٹرکوں کو آگ لگا دی
میئر کراچی نے حب کینال کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے مختلف منصوبے شروع کر چکی ہے، جن کے مکمل ہونے سے شہر میں کافی بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو کے فور منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے تمام فنڈز جاری کرنے چاہئیں تاکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ جلد حل ہو سکے۔
میئر کراچی نے اس منصوبے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ نئی حب کینال کی تعمیر اگست 2025 تک مکمل ہوگی، اور پرانی حب کینال کی بحالی کا منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت حب پمپنگ اسٹیشن، رائزنگ مین، اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 سے 100 ملین گیلن تک اپ گریڈ کیا جائے گا، اور اس منصوبے کی فکس لاگت 12.72 بلین روپے ہے جو سندھ حکومت خود ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حب کینال منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کراچی میں پانی کی فراہمی میں بڑی بہتری آئے گی، خاص طور پر ضلع غربی اور کیماڑی کے علاقوں میں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہر کی سڑکوں، انفراسٹرکچر کی بحالی اور فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے، اور پاکستان پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے۔

