ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔
بھارتی میڈیا کا بے بنیاد پروپیگنڈا: چیمپئینز ٹرافی کے میچز پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ
پہلی کارروائی میں، حسن امجد خان نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جو بوٹسوانا سے ایتھوپیا کے راستے فلائٹ نمبر ET 694 سے کراچی پہنچا۔ امیگریشن کلیرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا اور ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم نے 2015 میں لاہور سے تنزانیہ کا سفر کیا اور وہاں رہائش اختیار کر لی۔ بعد ازاں، وہ جنوبی افریقہ میں مقیم ایجنٹ جمی کے ذریعے جنوبی افریقہ کا ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور ایجنٹ رانا یاسر نے اسے بوٹسوانا میں جنوبی افریقہ کا اسٹیکر ویزا فراہم کیا۔ تاہم، ویزا پر موجود سیکیورٹی فیچرز میں تضاد پایا گیا اور ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں، ایک اور مسافر عدیل حسین کو سینیگال سے ایتھوپیا کے راستے کراچی پہنچنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس مسافر کے سفر کے دوران مشکوک تفصیلات سامنے آئیں، جس کے بعد مزید تحقیقات کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، عدیل حسین ایک ایجنٹ عثمان کے رابطے میں تھا، جس نے 30 لاکھ روپے کے عوض اسے اٹلی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔ مسافر کو سینیگال پہنچنے کے بعد سلطان نامی ایجنٹ سے ملایا گیا اور غیر قانونی طریقے سے کشتی کے ذریعے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی، مگر مسافر نے انکار کرتے ہوئے پاکستان واپس آنا بہتر سمجھا۔
دونوں ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

