پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں نویں کثیر القومی بحری مشق "امن 2025” کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا، جس کا آغاز ایک شاندار اور رنگا رنگ پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ اس موقع پر شریک ممالک کے جھنڈے بیک وقت لہرائے گئے۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، سفارتکاروں، مبصرین اور پاکستان کی مسلح افواج کے حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے گیٹ پر تحویل میں لے لیا گیا
تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں نے مشق امن 2025 کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ نیول چیف نے اس مشق کو عالمی اور علاقائی بحری تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا اور خطے میں محفوظ بحری ماحول کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز (RMSP) جیسے اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ امن ڈائیلاگ کے ذریعے شریک ممالک کو سمندری سیکیورٹی کے حوالے سے جدید حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے بھی خطاب کیا اور عالمی بحری سیکیورٹی میں پاکستان کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امن مشق کے ذریعے شریک ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی اور اسے "امن کے لیے متحد” کے موٹو کا حقیقی عکاس قرار دیا۔
امن مشق 2025، جو 7 سے 11 فروری تک جاری رہے گی، میں 60 سے زائد ممالک کے بحری اور ہوائی جہاز، اسپیشل آپریشن فورسز اور مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔ اس مشق کے دوران 9 اور 10 فروری کو امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی ہوگا، جس میں شریک ممالک کے بحری سربراہان میری ٹائم چیلنجز پر گفتگو کریں گے اور جدید حل وضع کریں گے۔

