لاہور کے نادرا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شملہ پہاڑی نادرا آفس میں پہلے کافی رش ہوتا تھا، لیکن اب وہاں کے معاملات بہتر ہو چکے ہیں۔ نئے سینٹر کو مثالی اور ماڈل سینٹر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نادرا کے تمام مراکز میں ایسے ہی منظم طریقے سے کام کیا جائے۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 28 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے اس بات کا عزم بھی ظاہر کیا کہ نادرا کے تمام مراکز کو مزید منظم اور عوام دوست بنایا جائے گا۔
پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام اور بروقت ترسیل
محسن نقوی نے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو پاسپورٹ کی بروقت ترسیل کا واحد حل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پر وزیر اعظم سے بات چیت ہو چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نادرا اور پاسپورٹ دفاتر میں تاخیر کے مسائل ختم ہو چکے ہیں اور اب عوام کو بروقت خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایف آئی اے اور ایجنٹ مافیا کے خلاف اقدامات
کسٹم اور ایف آئی اے کی جانب سے عوام کو درپیش مسائل اور ایجنٹ مافیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایف آئی اے میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، اور جلد ہی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
غیر قانونی سفر اور کشتی حادثات پر گفتگو
کشتی حادثات اور غیر قانونی سفر کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گجرات اور فیصل آباد سے زیادہ لوگ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن کاؤنٹرز پر سختی ضروری ہے، لیکن جائز طریقے سے سفر کرنے والوں کے لیے آسانی پیدا کی جائے گی۔
امریکہ کا دورہ اور تعلقات کی بہتری
حالیہ دورۂ امریکا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس مین اور سینیٹرز سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، جن کے مثبت نتائج جلد نظر آئیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور امریکی حکومت کے درمیان اچھے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران پی ٹی آئی احتجاج
لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی کال پر انہوں نے پہلے کی طرح درخواست کی کہ احتجاج نہ کریں، بصورت دیگر انہوں نے معنی خیز انداز میں "ورنہ” کہہ کر بات مکمل کی۔