(تشکر نیوز) رومانیہ کی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل میہائی پنائیت (Mihai Panait) نے رومانیہ کی کانسٹانٹا بندرگاہ پر پاک بحریہ کے نئے کمیشن شدہ جہاز پی این ایس یمامہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان کو جہاز کی جدید آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
راولپنڈی: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے آذربائیجان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
پی این ایس یمامہ، پاک بحریہ کے ان چار جدید جہازوں میں سے ایک ہے جو رومانیہ کے ڈیمین شپ یارڈز، گلاٹی میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ یہ ورسٹائل اور ہائی ٹیک پلیٹ فارم چیلنجنگ بحری ماحول میں کام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور بحری جنگ کے تمام شعبوں میں ڈیٹرنس فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر لیس ہے۔
پی این ایس یمامہ نے 17 دسمبر 2024 کو پاک بحریہ میں کمیشن ہونے کے بعد رومانیہ کے بحری جہاز کے ساتھ اپنی پہلی بحری مشق میں حصہ لیا، جو اس کے بحری آپریشنز کے آغاز کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
اس سے قبل، کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں وائس ایڈمرل میہائی پنائیت سے ملاقات کی۔ دونوں سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں میری ٹائم سیکیورٹی، دوطرفہ سرگرمیاں اور تربیتی تعاون شامل ہیں۔
ملاقات میں دونوں کمانڈرز نے بحری افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنز اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ اہم ملاقات اور بحری مشق دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔
