لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ، 16 عمارتوں کی نشاندہی

تشکر نیوز:  لیاری سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے ملاقات کی جس میں لیاری کے علاقے میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی، ڈائریکٹر سائوتھ اشفاق کوکر، ڈائریکٹر ویجلنس اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن سجاد خان بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹرڈیمالیشن عبدالسجاد خان کا ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے کو خط

ملاقات کے دوران لیاری سے منتخب ایم پی ایز یوسف بلوچ، جاوید ناگوری، انجینئر تیمور سیال اور ناصر کریم بلوچ نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے صوبائی وزیر بلدیات کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 1050 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

لیاری کے علاقے غریب شاہ کمہار واڑہ میں جھکنے والی ایک 6 منزلہ عمارت کو آج سے منہدم کرنے کا کام شروع کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی طور پر کھدائی کرنے والے بلڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے لیاری سمیت کراچی بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ملاقات کے دوران لیاری کے عوامی نمائندوں اور صوبائی وزیر نے ایس بی سی اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید برآں، لیاری میں 16 غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں ان عمارتوں کو سیل کیا جائے گا۔ غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی کرنے والے ایس بی سی اے کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کو روکنے اور انہدام کے شفاف عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

64 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!