کراچی — حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر سیہون شریف میں زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون نے خصوصی سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنا دیا ہے تاکہ زائرین کو محفوظ، پُرسکون اور بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سونے کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ، ملکی و عالمی منڈیوں میں نئی بلند ترین سطح
ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ زون منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی سید فرید علی کی ہدایات پر جامع ٹریفک مینجمنٹ اور سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اہم شاہراہوں، موٹرویز اور سیہون ٹول پلازہ پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ مؤثر پیٹرولنگ اور مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
زائرین کی سہولت اور فوری امداد کے لیے سیہون ٹول پلازہ پر ایمرجنسی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں ایمبولینس، ریکوری وہیکلز اور امدادی ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ موٹروے پولیس کے سینئر افسران اور اہلکار فیلڈ میں موجود رہ کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
روڈ سیفٹی کے پیش نظر بسوں اور ٹرکوں کی چھتوں پر سفر پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ اوور اسپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں اور ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے میں موٹروے پولیس سے مکمل تعاون کریں۔
کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

