تشکر نیوز: ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی فواد غفار سومرو نے نارتھ ناظم آباد میں اپنے دفتر میں صبح 8 بجے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو فضاء میں لہرا کر ضلع وسطی میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا۔ تقریب میں موجود حاضرین نے بلند آواز میں قومی ترانہ پڑھا اور ترانے کے اختتام پر پاکستان کے استحکام کے لئے فلک شگاف نعرے لگائے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 77 ویں یوم آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے آزادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، "آزادی برسوں کی جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔ قوموں کو آزادی حاصل کرنے کے لیے آگ اور خون کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے، اور صدیوں کی جدوجہد کے بعد کہیں جا کر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہوتا ہے۔”
انہوں نے نئی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ نہ صرف تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں بلکہ ہنرمند اور ذمہ دار شہری بن کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ تقریب میں پانچوں ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران، سپریٹینڈنٹ افیسر، اکاؤنٹ افیسر، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے اپنے افسران و معززین کے ہمراہ قیام پاکستان کی 77 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر معززین ضلع وسطی نے بھی اپنی تقریروں میں آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقریب کے اختتام پر حاضرین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔