راولپنڈی: پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر، لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین، کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے ذریعے سزا دی گئی ہے۔ انہیں فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین پر فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام تھا، اور قانونی عدالت نے انہیں ان الزامات میں قصور وار پایا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو 10 مئی 2024 کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے اور ان کا رینک 26 جولائی سے ضبط کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ماضی میں سابق میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجا اور سابق کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو بھی بغاوت پر اکسانے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا جا چکا ہے۔ دونوں کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں بالترتیب 14 اور 12 سال قید بامشقت کی سزائیں دی گئی تھیں اور ان کے رینک 21 نومبر 2023 کو واپس لے لیے گئے تھے۔
