اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کو خوش آئند قرار دے دیا. ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سیکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہئیے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے.
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے دانستہ طور پر اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے، پاکستان اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا.