کراچی — آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری عوامی تھیٹر فیسٹیول کے 16ویں روز یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر معروف لکھاری بشیر سدوزئی کا اسٹیج ڈرامہ "دخترِ کشمیر” پیش کیا گیا، جس کے ہدایت کار آدم راٹھور تھے۔
کراچی: جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت متعدد کارکنان گرفتار
ڈرامے میں شانزے، وردا، اجنبی، سپنا غزل، ندیم ملک، شہزاد ملک، الیاس ندیم، شریف بلوچ، عبداللہ لالہ، کمال ادریس، منظور ملک، مہک نور، شاہینہ اور جاوید قریشی نے شاندار اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کے دل جیت لیے۔
"دخترِ کشمیر” محض ایک اسٹیج پرفارمنس نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کی طویل جدوجہد کی زندہ گواہی تھی، جس میں مقبوضہ علاقے میں ہونے والے مظالم، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور کشمیری عورتوں کے ساتھ ظلم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ڈرامے میں عورت کو مظلوم ہونے کے ساتھ ساتھ مزاحمت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔
ڈرامے نے نہ صرف کشمیری عوام کے حق میں اظہار یکجہتی کا پیغام دیا بلکہ یہ بھی واضح کیا کہ فن سچ کے ساتھ کھڑا ہو تو سب سے مؤثر احتجاج بن جاتا ہے۔ اوپن ایئر تھیٹر شائقین سے بھرا ہوا تھا، جنہوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کو خوب سراہا اور تالیاں بجا کر داد دی۔

