کراچی — شہرِ کراچی میں واقع اہلِ سنت کی عظیم دینی درسگاہ مرکز جامعہ نور القران میں پرنسپل و چیئرمین جامعہ، معروف روحانی اسکالر سید محمد علی شاہ کی نگرانی میں سالانہ ختمِ بخاری اجتماع، دستارِ فضیلت اور عظمتِ قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں ایک کروڑ سے زائد کی ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار، پولیس کی بڑی کامیابی
کانفرنس میں سابق چیئرمین رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان مفتیِ اعظم پاکستان حضرت علامہ مولانا مفتی منیب الرحمٰن، مفتیِ اعظم سندھ حضرت علامہ مفتی ابراہیم قادری، حضرت علامہ پیر سید مظفر حسین شاہ اور مفتی عابد مبارک المدنی نے خصوصی خطابات کیے۔ مقررین نے دینی و عصری علوم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور اس امر کا متقاضی ہے کہ بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کیا جائے تاکہ وہ معاشرے کی بہتری اور ملک کے روشن مستقبل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں اور ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام میں اپنا آئینی، قومی اور ملی کردار ادا کریں۔
اس موقع پر پرنسپل و چیئرمین مرکز جامعہ نور القران سید محمد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، جبکہ سیکولر، لادینی اور اسلام دشمن قوتیں ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات بالخصوص بلوچستان میں ہونے والی کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دشمن قوتیں پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، مگر پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ ملک کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا ایمانی، قومی اور ملی کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے 5 فروری کے موقع پر بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گردی پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے اور پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ آخر میں شہدائے اسلام و پاکستان کے درجات کی بلندی اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
کانفرنس میں علامہ سید عارف شاہ اویسی، مفتی معاذ مدنی، مفتی زاہد فاروقی، مفتی محمود جیلانی، علامہ اظہار مدنی، آصف رضا قادری (چیئرمین UMF)، علامہ احمد رضا، الحاج حافظ طاہر قادری، الحاج احسن قادری، الحاج شاہ رخ قادری، محمد ریحان سیلانی، سید عمیر شاہ، زوہیب فاروقی، انور قادری سمیت دیگر علماء کرام اور معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

