کراچی — ایسٹ زون تھانہ فیروز آباد پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو CCTV فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ غضنفر علی خان روڈ، صدر کے قریب ڈکیتی کی واردات انجام دی تھی۔ ملزمان نے واردات سے قبل علاقے کی مکمل ریکی کی اور سونے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم لے جانے والے ملازم سے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
مذکورہ واردات کا مقدمہ الزام نمبر 482/2025 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ پریڈی میں درج ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت طلحہٰ وارث ولد محمد وارث کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ (پستول) بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

