گل پلازہ آتشزدگی: متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا، ریسکیو اولین ترجیح ہے، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ متاثرین کو مالی معاوضہ فراہم کرے گی، تاہم اس وقت حکومت کی اولین ترجیح آگ پر مکمل قابو پانا، عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا اور سرچ آپریشن کو مکمل کرنا ہے۔

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی پر وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی رپورٹ پیش، 6 جاں بحق، 22 زخمی، 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں

اتوار کے روز صوبائی وزیر سعید غنی نے متاثرہ گل پلازہ کا دورہ کیا اور موقع پر جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے افسران سے تفصیلی بریفنگ لی اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ یہ ایک المناک سانحہ ہے، جس کے نتیجے میں ایک ریسکیو اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق اب بھی کچھ افراد عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں، اس لیے تمام ادارے پوری توجہ کے ساتھ انہیں بحفاظت ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فائر بریگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے، جس کے بعد سندھ حکومت، کے ایم سی، ریسکیو 1122 اور پاکستان نیوی کے 22 فائر ٹینڈرز جبکہ کے ایم سی کی 4 اسنارکلز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔

سعید غنی نے واضح کیا کہ آگ لگنے کی وجوہات اور نقصانات کے تعین سے قبل انسانی جانوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک پانچ خاندانوں نے اپنے پیاروں کی گمشدگی کی اطلاع دی ہے، جس پر ریسکیو ٹیمیں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں۔

بلڈنگ سیفٹی قوانین سے متعلق بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں ہزاروں عمارتیں موجود ہیں اور صرف طاقت کے ذریعے ہر جگہ قوانین نافذ کرنا ممکن نہیں، اس کے لیے عوامی تعاون اور شعور ناگزیر ہے۔ تاہم حکومت اس سانحے سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان تاجر کاشف رحمت اللہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے والد رحمت اللہ، سسر یعقوب میمن سمیت اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر اور ڈپٹی میئر نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے تاجر فراز کے اہلخانہ سے ان کے گھر جا کر تعزیت بھی کی۔

WhatsApp Image 2026 01 18 at 8.47.00 PM 1 WhatsApp Image 2026 01 18 at 8.47.00 PM 2 WhatsApp Image 2026 01 18 at 8.47.01 PM

68 / 100 SEO Score

One thought on “گل پلازہ آتشزدگی: متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا، ریسکیو اولین ترجیح ہے، سعید غنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!