کراچی / وزیراعلیٰ ہاؤس — اتوار، 18 جنوری 2026ء بمطابق 28 رجب المرجب 1447ھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے سے متعلق کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ رات 9 بج کر 45 منٹ سے 10 بج کر 15 منٹ کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق فائر بریگیڈ کی مسلسل کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
بریفنگ میں وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ افسوسناک واقعے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
امدادی کارروائیوں میں 22 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں شریک رہیں، جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب سے 33 ایمبولینسز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سانحے میں ہونے والے بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں، جو قابلِ فخر اور قابلِ تحسین عمل ہے۔
سید مراد علی شاہ نے زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتظامیہ کو حکم دیا کہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل آگ کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی کہ صورتحال کے مکمل طور پر معمول پر آنے تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت الرٹ اور تیار رہنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت نے تاجر برادری کو نہ پہلے کبھی اکیلا چھوڑا ہے اور نہ اب چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا:
“مجھے اس سانحے میں ہونے والے جانی نقصان کا شدید دکھ ہے، حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔”
