وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت پیٹرول پرائسز مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقائی کشیدگی کے تناظر میں توانائی کی قیمتوں اور ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے موجودہ ذخائر تسلی بخش ہیں اور مارچ کے مہینے کے لیے ایندھن کی ضرورت مکمل طور پر محفوظ ہے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ موجودہ منصوبہ بندی کے تحت ملک میں ایندھن کی دستیابی اپریل کے وسط تک برقرار رہے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت اپریل کے آخر تک مزید ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ مختلف ممالک سے تیل درآمد کرنے کی حکمت عملی پر بھی کام جاری ہے تاکہ کسی ایک ملک یا راستے پر انحصار کم کیا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے حکام نے واضح کیا کہ ملک میں ایندھن کی کمی کا کوئی خطرہ نہیں اور عوام کو پیٹرول ذخیرہ کرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور صوبائی حکومتوں کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم ذخائر اور درآمدات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا جبکہ موجودہ کارگو پلاننگ کے تحت اپریل کے وسط تک فیول سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت اپریل کے آخر تک فیول سپلائی مزید بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
