لاہور (اسٹاف رپورٹر) لاہور سمیت صوبہ پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ دس روز کے دوران فی من گندم کی قیمت میں 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل فی من گندم کی قیمت 3 ہزار 700 روپے تھی جو اب بڑھ کر 4 ہزار 400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں گندم کا ریٹ سب سے زیادہ 4 ہزار 800 روپے فی من تک جا پہنچا، جبکہ لاہور میں فی من گندم 4 ہزار 450 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
گوجرانوالہ اور گجرات میں گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے، ملتان میں 4 ہزار 450 روپے جبکہ بہاولپور اور ڈی جی خان میں 4 ہزار 400 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گندم کا ریٹ 4 ہزار 400 روپے فی من ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور کے متعدد علاقوں میں 10 اور 20 کلو کے سستے آٹے کے تھیلے نایاب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم محکمہ خوراک ڈی ڈی فوڈ نے آٹے کی قلت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کی وافر مقدار موجود ہے اور 10 اور 20 کلو کے تھیلے دکانوں پر آسانی سے دستیاب ہیں۔
ذرائع کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا جو پہلے 1 ہزار 500 روپے میں دستیاب تھا، اب 1 ہزار 750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ قلت ہے، جس کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
