کورنگی میں ہفتہ وار کرائم میٹنگ ایس ایس پی فدا حسین جانوری کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشوں اور مفرور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات دی گئیں۔
میٹنگ میں ایس ایچ او تھانہ کورنگی انسپیکٹر محمد علی نیازی اور ان کی ٹیم کو بدنام زمانہ ڈکیت جنید بنگالی عرف فرعون کے خلاف کامیاب کارروائی پر 1 لاکھ روپے نقد انعام اور سی سی ون کی سفارش دی گئی۔ ہلاک ملزم جنید بنگالی کے خلاف 20 سے زائد سنگین جرائم کا ریکارڈ موجود تھا۔
میٹنگ کے دوران تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشوں، گٹکا ماوا فروش گروہوں، آرگینائزڈ کرمنلز اور مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں کا فرداً فرداً احاطہ کیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی نے تمام ایس ایچ اوز کو مندرجہ ذیل ہدایات جاری کیں:
▪️ منشیات فروشوں اور جوا سٹہ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کی جائیں۔
▪️ پولیس ریکارڈ میں درج تمام اشتہاری اور مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
▪️ موٹرسائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگز کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔
▪️ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام، کرائم پریوینشن اور کرائم ڈیٹیکشن کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
▪️ اسنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ ریڈز اور کومبنگ سرچ آپریشنز روزانہ جاری رہیں۔
▪️ شہریوں کے ساتھ بہترین اخلاق، تعاون اور شفاف طرزِ عمل یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر غفلت کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی کورنگی نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا اور اسٹریٹ کرمنلز اور سماج دشمن عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
