کراچی (اسٹاف رپورٹر) – جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (JMDC) اور جناح کالج آف فزیکل تھراپی (JCPT) نے اپنی 11 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد کی، جس میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور ڈی پی ٹی پروگرامز کے مجموعی طور پر 413 گریجویٹس کو اسناد عطا کی گئیں۔ تقریب میں 36 نمایاں گریجویٹس کو مضمون وار امتیازی اسناد اور مجموعی بہترین کارکردگی کے ایوارڈز بھی دیے گئے۔
کراچی: کیماڑی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن، 8 گرفتار، زخمی بھی ہوئے
کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کی اور انہوں نے باضابطہ طور پر تقریب کا آغاز کیا۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے فارغ التحصیل طلبہ کو پیشہ ورانہ اخلاقیات، دیانت داری اور عمر بھر سیکھنے کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کی۔
چئرمین ایس ایم سہیل ٹرسٹ ڈاکٹر سید طارق سہیل اور ٹرسٹی ڈاکٹر سید عدنان طارق سہیل نے بھی تقریب میں شرکت کر کے اسے رونق بخشی۔ ایم بی بی ایس سے ثانیہ جاوید اور اسماء ریاض، بی ڈی ایس سے عائشہ عبد الرحمٰن اور ایمن مجید، جبکہ ڈی پی ٹی سے حرا آصف اور زلیخہ شہزاد کو بہترین گریجویٹس کا اعزاز دیا گیا۔ خصوصی اعزاز ڈاکٹر فرحان عمر (ایم بی بی ایس 2024) کو بھی دیا گیا، جو ہاؤس جاب کے دوران وفات پا گئے۔
پرنسپل جے ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر عاطف محمود نے کالج کی تعلیمی ترقی، معیار یقین دہانی اور باصلاحیت و بااخلاق طبی ماہرین تیار کرنے کے عزم پر روشنی ڈالی۔ پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر جنید لکھانی اور پرنسپل جے سی پی ٹی ڈاکٹر رافعہ رفیق نے بھی رپورٹ پیش کی۔
تقریب کا اختتام وائس چانسلر کی جانب سے باضابطہ اعلان اور تعلیمی جلوس کے بعد گریجویٹس و معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کے ساتھ ہوا۔ یہ کانووکیشن بہترین منصوبہ بندی، ٹیم ورک اور علمی روایات کی پاسداری کی شاندار مثال کے طور پر سراہا گیا۔
جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج طبی و دندان سازی کی تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی سروس میں اعلیٰ معیار کے لیے کوشاں ہے اور ملک میں صحت کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
