کراچی میں گزشتہ رات پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی شناخت اور تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت محمد بلال اور نقاش کے نام سے ہوئی ہے۔
گلشنِ معمار انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری میں آتشزدگی، ریسکیو 1122 کی کارروائی جاری
ایس ایس پی عمران خان نے بتایا کہ دونوں ملزمان ایس آئی یو کو ڈکیتی کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے۔ یہ واقعہ گزشتہ سال 10 ستمبر کو ماڑی پور کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے شہری ولی خان کو قتل کر دیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ نمبر 279/2025 تھانہ ماڑی پور میں درج کیا گیا تھا، جس کی تفتیش بعد ازاں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے سپرد کی گئی۔ ایس ایس پی کے مطابق ایس آئی یو نے اس بلائنڈ کیس کو جدید اور تکنیکی بنیادوں پر ٹریس کیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ایک ملزم سلیم کو دو روز قبل گرفتار کیا گیا تھا، جس کے انکشافات اور نشاندہی پر دیگر مطلوب ملزمان محمد بلال اور نقاش کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی۔ دورانِ کارروائی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں مطلوب ملزمان ہلاک ہو گئے۔
ایس ایس پی عمران خان کے مطابق ہلاک ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ملزمان گزشتہ کئی برسوں سے ڈکیتی، قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

