محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان نے 16 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں ’شدید‘ یا ’ریکارڈ توڑ‘ سردی کی لہر سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ اطلاعات غلط، غیر مصدقہ اور گمراہ کن ہیں۔

نمائش چورنگی پر خطاب: سہیل آفریدی کا سندھ حکومت پر رکاوٹیں ڈالنے اور ثقافتی بے حرمتی کا الزام

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جدید موسمیاتی ماڈلز اور زمینی مشاہدات کی بنیاد پر اس عرصے میں کسی غیر معمولی یا تاریخی سردی کی لہر کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت معمول کی سردیوں کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام، میڈیا اور تمام اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری موسمی پیش گوئیوں، وارننگز اور ایڈوائزریز پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں تاکہ بلا وجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کر رہا تھا کہ پاکستان میں 16 جنوری سے 25 جنوری تک شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔ سابق وفاقی وزیر عمر سیف نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں ایک موسمیاتی ویب سائٹ کے حوالے سے ’پولر ورٹیکس‘ کے باعث شدید سردی کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

تاہم نیشنل ویدر فارکاسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر عرفان ورک نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولر ورٹیکس پاکستان کے خطے میں ہوتا ہی نہیں بلکہ یہ قطب شمالی میں پایا جاتا ہے اور اس کا اثر عموماً امریکی اور یورپی خطوں تک محدود رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث پولر ورٹیکس کا براہ راست اثر ممکن نہیں۔ پولر ورٹیکس دراصل قطب شمالی کے اوپر موجود سرد ہوا کا ایک بڑا ذخیرہ ہوتا ہے جو زمین کی سطح سے 10 سے 50 کلومیٹر بلندی پر ہوتا ہے، اور کمزور ہونے کی صورت میں مخصوص علاقوں میں سردی میں اضافہ کر سکتا ہے، تاہم اس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

66 / 100 SEO Score

2 thoughts on “محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!