مزاحیہ کرداروں کے لیے شہرت رکھنے والے پاکستان کے معروف اداکار آغا شیراز دل کے شدید دورے کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق بروقت طبی امداد ملنے کے باعث ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، تاہم مکمل صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی گئی ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے آغا شیراز کو مکمل آرام اور خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت دی ہے، جبکہ ان کی طبی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔
آغا شیراز نے طویل عرصے تک پاکستانی ٹیلی وژن کے معیاری ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں ’ڈگڈگی‘، ’جانے انجانے‘، ’منّا الیکٹریشن‘، ’تم اجنبی ہو‘ اور ’کچا سا خواب‘ شامل ہیں، جن میں ان کی مزاحیہ اور سنجیدہ اداکاری کو یکساں طور پر سراہا گیا۔
وہ مقبول مزاحیہ سیریل ’بلبلے‘ کی متعدد اقساط میں بھی مختلف کردار نبھا چکے ہیں، جہاں ان کی اداکاری کو ناظرین میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے آغا شیراز کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
