کراچی (اسٹاف رپورٹر) – کمشنر کراچی کے احکامات کے بعد شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 105 دکانوں اور ہوٹلوں کو سیل کیا گیا۔
شہیدِ جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ، ناظم آباد میں پیپلز پارٹی کا شاندار جشن
جمشید کوارٹر کے اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود کے مطابق بہادر آباد، جیل چورنگی اور جمشید روڈ پر کارروائیاں کی گئیں، جہاں ہوٹل اور دکان مالکان نے غیر قانونی طور پر اپنی حدود سے تجاوز کر رکھا تھا۔ جمشید روڈ پر 86 دکانیں جبکہ شرفا آباد میں 19 دکانیں اور ہوٹلز سیل کیے گئے۔
ہاشم مسعود نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ جمشید ٹاؤن اور بہادر آباد میں پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ مکمل طور پر ختم کر دیے گئے تھے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والے ہوٹلوں اور دکان مالکان کو متعدد بار وارننگ دی گئی تھی، تاہم عمل درآمد نہ ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ فٹ پاتھ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے ہیں، نہ کہ غیر قانونی تجاوزات کے لیے۔
ہاشم مسعود نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے آئندہ بھی اسی طرح کے سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور سہل آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

