کراچی (02 جنوری 2026): پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط پاور یوٹیلٹی کے۔الیکٹرک نے سال 2025 کے دوران بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے شعبوں میں مستحکم اور قابلِ اعتماد کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور صارفین کے ساتھ رابطے کے نظام میں بھی نمایاں سرمایہ کاری کی۔
پاک بحریہ کے تین ریئر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی
کے۔الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے کہا ہے کہ کمپنی کی اولین ترجیح صارفین کا اطمینان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو بہتر اور معیاری بجلی کی فراہمی کے لیے کے۔الیکٹرک ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور شہر کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داری نبھاتی رہے گی۔
کاروباری جائزے کے مطابق 2025 کے دوران کے۔الیکٹرک نے گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو مستحکم بجلی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی۔ جون 2025 میں شہر میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب 3,563 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی، جس کے مقابلے میں 3,545 میگاواٹ کی سپلائی فراہم کی گئی، جو شدید گرمی کے موسم میں نظام کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
پیداوار کے شعبے میں کے۔الیکٹرک نے موسمی طلب کے مطابق مؤثر حکمتِ عملی اپنائی اور صاف توانائی کی جانب پیش رفت کو تیز کیا۔ کمپنی نے مسابقتی بولی کے ذریعے کم ترین قابلِ تجدید توانائی ٹیرف حاصل کیے، جبکہ دھابیجی، ویندر اور بیلہ کے منصوبوں کی نیپرا سے منظوری بھی حاصل کی گئی، جو آئندہ برسوں میں گرین انرجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ٹرانسمیشن کے شعبے میں قومی گرڈ سے 2,000 میگاواٹ تک آف ٹیک صلاحیت نے کراچی کو کم لاگت اور مستحکم بجلی کی فراہمی میں مدد دی۔ اسی طرح بجلی چوری کے خلاف 25 ہزار سے زائد کارروائیاں کی گئیں اور لاکھوں کلوگرام غیر قانونی تاریں ہٹا دی گئیں۔
صارفین کی سہولت کے لیے شہر بھر میں 310 سہولت کیمپس قائم کیے گئے، جبکہ ڈیجیٹل اقدامات کے تحت جنریٹو اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹ “کینیٹو” متعارف کرایا گیا، جس سے لاکھوں صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔ ڈیجیٹل بلنگ اور آن لائن ادائیگیوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے 339 نئے صنعتی کنکشنز اور نیٹ میٹرنگ کے تحت 9,676 صارفین کو شامل کیا گیا، جس سے قابلِ تجدید توانائی کی استعداد میں 230 میگاواٹ سے زائد اضافہ ہوا۔
کے۔الیکٹرک نے انرجی پروگریس اینڈ انوویشن چیلنج (EPIC) کے ذریعے توانائی کے شعبے میں جدت اور مقامی حلوں کے فروغ کو بھی تقویت دی، جبکہ ملٹی ایئر ٹیرف (MYT) کی منظوری نے طویل المدتی منصوبہ بندی کے لیے بنیاد فراہم کی۔
نئے سال میں داخل ہوتے ہوئے کے۔الیکٹرک نے انفرااسٹرکچر کی مضبوطی، صنعتی ترقی، وصولیوں میں بہتری اور ڈیجیٹل رسائی کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے، تاکہ کراچی کو قابلِ اعتماد اور پائیدار بجلی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔
