ایس بی سی اے کی ویجیلنس رپورٹ، 193 افسران کو شوکاز نوٹس جاری
کراچی:
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کی ویجیلنس رپورٹ کے مطابق کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر مجموعی طور پر 193 افسران و اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
ویجیلنس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ شوکاز نوٹس ضلع شرقی کے 106 افسران کو جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع وسطی کے 57، ضلع ملیر کے 16 اور ضلع جنوبی کے 14 افسران کو نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ متعلقہ افسران سے 7 دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ افسران غیر قانونی تعمیرات کے دوران متعلقہ اضلاع میں تعینات تھے اور ان کی مبینہ نگرانی میں رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر کی گئیں۔ ویجیلنس رپورٹ کے مطابق جعلی نقشوں کے ذریعے گراؤنڈ پلس کثیر المنزلہ عمارتیں، غیر قانونی دکانیں اور دیگر تعمیرات کی گئیں جو بغیر کمپلیشن اور سیفٹی کلیئرنس کے آباد کی گئیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان غیر قانونی عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات، منظور شدہ اسٹرکچرل ڈیزائن، پارکنگ سہولیات اور ایمرجنسی رسائی جیسی بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں، جو عوامی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات کو عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔
ڈی جی ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ قصوروار افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

