لندن/نئی دہلی: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے بھارت کے لیے 2025 کو بحرانوں کا سال قرار دیتے ہوئے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت فوجی کشیدگی، کرنسی کی کمزوری، معاشی بے چینی اور عالمی تعلقات میں مشکلات نے بھارت کو مسائل کی زد میں رکھا۔
اخبار کے مطابق بھارت کو ناکام اسٹریٹجک خودمختاری کی وجہ سے امریکہ، چین اور روس سے تعلقات میں مجبور ہونا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 2025 میں پاک بھارت فوجی کشیدگی، امریکا سے تجارتی محاذ آرائی، مہلک طیارہ حادثہ، جی ایس ٹی اصلاحات کے محدود اثرات اور بھارتی روپیہ کی ڈالر کے مقابلے میں گراوٹ نے ملک کی معیشت پر دباؤ ڈالا۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاک بھارت تصادم کے دیرپا اثرات واشنگٹن کی پالیسی میں تبدیلی کے طور پر سامنے آئے، اور امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی کا کریڈٹ لینا بھارت کی سفارتی ناکامی قرار پایا۔
ماہرین نے تجزیہ دیا کہ ٹرمپ کے پاکستانی عسکری قیادت سے بڑھتے روابط بھارتی سفارتی ناکامی ہیں، اور امریکی معاہدات میں ناکامی بھارت کی عالمی معاشی ساکھ میں خلا کی علامت ہے۔ روپے کی گراوٹ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے مزید معاشی بحران کے خدشات پیدا کر دیے۔
ماہرین کے مطابق بھارت نے 2025 میں زیادہ تر مسائل کو برداشت کیا، اور 2026 میں اندرونی کمزوریاں، علاقائی کشیدگی اور عالمی دباؤ بھارت کے لیے بڑے چیلنجز ثابت ہو سکتے ہیں۔
