پولیس مددگار-15 نے سال 2025 کے دوران دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف مؤثر، منظم اور بروقت کارروائیاں انجام دیں۔ اس حوالے سے مددگار-15 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں نمایاں کامیابیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا کالعدم بی ایل اے کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے عطا تارڑ
رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 25 دسمبر 2025 تک مددگار-15 کال سینٹر کو مجموعی طور پر 24 لاکھ 16 ہزار 870 کالز موصول ہوئیں۔ ان میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 979 قابلِ عمل کالز پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، اغوا اور چوری میں ملوث 89 ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 35 پستول، 52 موٹر سائیکلیں، 29 گاڑیاں، 45 موبائل فونز، 2 رکشے اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا گیا۔
مددگار-15 نے نہ صرف جرائم کے خلاف کردار ادا کیا بلکہ بڑی تعداد میں موصول ہونے والی ہنگامی کالز پر فوری رسپانس دیتے ہوئے مصیبت میں پھنسے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی۔
رپورٹ کے مطابق مددگار-15 میں قائم ملاپ یونٹ نے فلاحی خدمات انجام دیتے ہوئے اب تک 135 لاپتہ بچوں، خواتین اور مردوں کو ان کے اہلِ خانہ سے ملا دیا، جو پولیس کے انسانی اور عوام دوست کردار کا مظہر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق موصول ہونے والی کالز میں سے 1 لاکھ 90 ہزار 900 کالز پرینک، بوگس یا مسڈ جبکہ 89 ہزار 640 کالز معلوماتی نوعیت کی تھیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مددگار-15 کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مددگار-15 عوامی خدمت، فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کی بہترین مثال بن چکا ہے۔
مجموعی طور پر سال 2025 کی کارکردگی مددگار-15 کی لگن، ذمہ داری اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کا ثبوت ہے، جو محفوظ اور مؤثر پولیسنگ نظام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
