کابینہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں 26 دسمبر کو عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق اس روز پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس سے قبل 24 دسمبر کو جاری کیا گیا نوٹیفیکیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ تاہم نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال، بینک، ضروری خدمات کے دفاتر اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اسی طرح کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی نادرن گیس کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔ معزز مہمان کے شایانِ شان استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اور انتظامی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ پاکستان آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔
