اسلام آباد: کمانڈر رائل نیوی آف عمان، ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور پاکستان و عمان کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا بھاری جرمانوں کا دفاع، خلاف ورزی نہ کریں تو جرمانے کی فکر نہیں ہوگی: پیر محمد شاہ
اس موقع پر معزز مہمان نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اس کے مؤثر کردار کا اعتراف کیا۔
بعد ازاں نیول ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر رائل نیوی آف عمان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد معلومات کے تبادلے کے لیے باقاعدہ رہنما اصول اور طریقۂ کار وضع کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کے حوالے سے باہمی آگاہی اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان اور عمان جغرافیائی طور پر ایک دوسرے کے قریب واقع ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ بحری سرحدیں رکھتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی تعلقات پر مبنی گہرے دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔ پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون ایکسپرٹ لیول اسٹاف ٹاکس (ELSTS)، تربیتی تبادلوں اور دوطرفہ و کثیر القومی بحری مشقوں کے ذریعے مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔

