اسلام آباد: عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور آج درحقیقت پاکستان جیت گیا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کو دوبارہ ایک عظیم اور مستحکم ادارہ بنانے کے لیے بھرپور محنت کی جائے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما انیس احمد قائم خانی کی ظفر خان سے تعزیت، دعائے مغفرت
اسلام آباد میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں خریدنے کی کامیاب بولی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ اس نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور بیرونِ ملک سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے نجکاری کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرایا، جس کا کریڈٹ پرائیویٹائزیشن کمیشن اور وفاقی کابینہ کو جاتا ہے۔ ان کے مطابق پورا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا، جس سے نجکاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جس سے نہ صرف ادارے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی۔
ادھر مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، حکومت کا مقصد پی آئی اے کو فروخت کرنا نہیں بلکہ اسے مستحکم اور فعال بنانا ہے۔ ان کے مطابق بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ایئرلائن کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
