پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نارتھ کراچی اور خواجہ اجمیر نگری میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حمزہ عرف بھگوان ولد ناصر خان، سفیر ولد وارث اور شبیر ولد اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔
جماعت اسلامی کراچی میں 13 مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا اعلان
ملزمان کے قبضے سے تین عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ گروہ نارتھ کراچی، خواجہ اجمیر نگری اور پختون آباد میں منشیات فروشی، موٹر سائیکل چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
ملزم حمزہ عرف بھگوان نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی آصف بنگالی کے ساتھ پہاڑ گنج چورنگی، اورنگی ٹاؤن اور الجنت شادی ہال کے باہر موٹر سائیکل چوری کی تھی۔ ملزم ایک عادی مجرم ہے اور پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جبکہ گروہ کا لیڈر اسو پہلے ہی جیل میں ہے۔ رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور ایمونیشن کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن یا واٹس ایپ کے ذریعے دی جائے۔ اطلاع دینے والوں کا نام مکمل طور پر راز میں رکھا جائے گا۔
