کراچی: سندھ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایس بی سی اے (SBCA) سے گزشتہ پانچ سال کے بیٹرمنٹ چارجز کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ ایس بی سی اے 2016 سے 2025 تک جمع ہونے والے تمام بیٹرمنٹ چارجز کی رپورٹ پیش کرے۔
پاکستان رینجرز کی کارروائی نارتھ کراچی اور خواجہ اجمیر نگری سے 3 اسٹریٹ کرائم ملزمان گرفتار
محکمہ نے یہ بھی طلب کیا ہے کہ بیٹرمنٹ چارجز کی رقم بلدیہ عظمیٰ کراچی، واٹر اینڈ سوریج کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں میں کس طرح تقسیم ہوئی، اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ تقسیم سے متعلق تمام بینک اسٹیٹمنٹس، رسیدیں اور احکامات بھی محکمہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، گزشتہ پانچ سال کے دوران بیٹرمنٹ چارجز کی تقسیم کے قانونی فارمولے اور ان میں کی گئی کسی بھی تبدیلی کی وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔ اگر کسی وجہ سے چارجز روکے گئے یا مکمل تقسیم نہیں ہوئے تو اس کی تفصیلات بھی جمع کرائی جائیں۔ مزید براں، بیٹرمنٹ چارجز سے متعلق ہیڈز آف اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس بھی محکمہ کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قبل ازیں کے ایم سی نے بیٹرمنٹ چارجز کی موجودہ تقسیم کے فارمولے پر اعتراض اٹھایا تھا اور محکمہ بلدیات کو اس سلسلے میں خط بھی لکھا تھا۔ رپورٹس کے مطابق، کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بیٹرمنٹ چارجز تقسیم کرنے کے فارمولے مختلف ہیں۔

