کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی میں گارمنٹ فیکٹری میں اچانک آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 متحرک ہوگئے۔ ترجمان کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں درکار پانی کی فوری فراہمی کے لیے واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کی گئی۔
کیڈٹ کالج پسرور میں پہلی سالانہ پریڈ کی شاندار تقریب، کور کمانڈر گوجرانوالہ مہمانِ خصوصی
سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جب کہ شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر بھی ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر الرٹ کر دیا گیا تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری جائے وقوعہ روانہ کیا جا سکے۔ واٹر کارپوریشن نے جلدی ردِعمل دیتے ہوئے فیکٹری کی جانب متعدد واٹر ٹینکرز روانہ کر دیے۔
ترجمان کے مطابق ہائیڈرنٹس سیل کے انچارج محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جب کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر صورتِ حال کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کی جانب سے فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور یہ سلسلہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک جاری رہے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے۔
