کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تھانہ شاہراہِ نور جہاں، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا، جو شہر کا 18واں اور سینٹرل ڈسٹرکٹ کا چوتھا فعال سینٹر ہے۔
سندھ ہائی کورٹ بار کے وکلاء کا وزیراعلیٰ ہاؤس دورہ، کارونجر پہاڑی سلسلے کے تحفظ پر زور
افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، ایس ایس پی سینٹرل، چیف CPK مراد سونی، چیف CPK ڈسٹرکٹ سینٹرل علی گودیل، چیف CPK نارتھ ناظم آباد عباس طیب علی، جوائنٹ چیف ڈسٹرکٹ سینٹرل امین بھایانی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور CPK ممبران نے شرکت کی۔
چیف CPK مراد سونی نے بتایا کہ سینٹرل ڈسٹرکٹ میں 1000 جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن میں 200 ANPR کیمرے اور ہائی ٹیک PTZ زومنگ کیمرہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 18 تھانوں کے کنٹرول رومز کے لیے 2000 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور مزید کام جاری ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ 18 پولیس اسٹیشنز مانیٹرنگ نیٹ ورک سے منسلک ہو چکے ہیں، جبکہ نارتھ ناظم آباد کی 40 گلیاں بھی کیمروں کے زیرِ نگرانی ہیں۔ شاہین فورس کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں سٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے کہا کہ جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے متعدد ملزمان کو ٹریس کیا گیا اور ویسٹ زون میں جرائم کی شرح 50 فیصد کم ہوئی ہے۔ پولیس چیف نے کہا کہ کراچی میں وائلنٹ کرائم 55 فیصد کم ہوا ہے، جبکہ 100 سے زائد ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ تمام کیمرے مستقبل میں سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک کیے جائیں گے، اور ٹریکس نظام نے ٹریفک کے شعبے میں شفافیت اور احتساب کو مضبوط کیا ہے۔
پولیس چیف نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیکنالوجی اور مؤثر پولیسنگ کے ذریعے کراچی کو مزید محفوظ اور جدید شہر بنایا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر مراد سونی اور ان کی ٹیم نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

