کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخت عتیق الرمضی نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور کھیلوں کے مشترکہ منصوبوں پر مفصل گفتگو ہوئی۔ قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو یو اے ای کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جو وزیراعلیٰ سندھ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے انتہائی مضبوط اور خوشگوار رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس جلسے میں اقلیتی برادری کی بھرپور شرکت کا اعلان
وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خصوصاً سندھ حکومت متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے گی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ کھیلوں کے فروغ، خاص طور پر کرکٹ میں مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق قونصل جنرل بخت عتیق الرمضی نے سندھ حکومت کے مسلسل تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
