کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ملاقات کی، جس میں پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والے مرکزی جلسے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی بھر کی اقلیتی برادری عیدگاہ گراؤنڈ، کورنگی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی کمیونٹی پیپلز پارٹی کے نظریے اور قیادت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ صوبے سمیت پورے ملک میں اقلیتی برادری یومِ تاسیس کے موقع پر غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار کراچی ڈویژن نے مختلف اضلاع میں الگ الگ تقاریب کے بجائے ایک عظیم الشان مرکزی جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو شہر کی سیاسی تاریخ کا بڑا اجتماع ثابت ہوگا۔
سعید غنی نے کہا کہ اقلیتی برادری کی نمائندگی اور ان کی شرکت یقینی بنانے میں ڈاکٹر رمیش کمار کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق ہر سطح پر اقلیتوں کو سہولیات، نمائندگی اور تحفظ فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ہونے والی یومِ تاسیس کی تقریبات میں بھی اقلیتی برادری بھرپور انداز میں شریک ہوگی اور پارٹی سے اپنی وابستگی کا اظہار کرے گی۔
