پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی کوششوں سے جنوبی وزیرستان میں ایک عظیم الشان مسجد کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جس میں بیک وقت 5 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ مسجد میں وسیع صحن، خوبصورت ہال اور جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
27ویں آئینی ترمیم صدرِ مملکت کو تاحیات گرفتاری اور مقدمات سے استثنیٰ دینے کی شق شامل
مقامی ذرائع کے مطابق سپن کے علاقے میں قائم اس مسجد میں دور دراز علاقوں سے بچے دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، جبکہ مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز کی اس کاوش کو بے حد سراہا ہے۔ عوام نے پاک فوج اور ایف سی کے کردار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے علاقے میں مذہبی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث بن رہے ہیں۔
پاک فوج نے سابقہ فاٹا کے دیگر علاقوں میں بھی متعدد مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے منصوبے مکمل کیے ہیں۔ باجوڑ میں دہشتگردی سے تباہ شدہ مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی بحالی ایف سی کے پی (نارتھ) نے کی، جبکہ یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں طلبہ کی درخواست پر جامع مسجد فاروقِ اعظم کی تعمیر اور تزئین و آرائش بھی مکمل کی گئی۔
مزید برآں شمالی و جنوبی وزیرستان کے میر علی، سراروغہ، لدھا اور مکین میں متعدد مساجد کی بحالی کے منصوبے بھی پایۂ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی علامت قرار دیے جا رہے ہیں۔
